لاہور – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچ ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ تسلیم نہ کیا تو پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے باقی میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی سی بی نے "اسپرٹ آف کرکٹ” کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے آئی سی سی اور میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے، جس میں میچ ریفری کرس پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو پارسل کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے دانستہ طور پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملا کر کھیل کی روح کو نقصان پہنچایا، جب کہ میچ ریفری نے جان بوجھ کر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحے سے روکا۔
پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کھیل میں اس طرح کے غیر پیشہ ورانہ رویے سے کرکٹ کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے، اور اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ سے علیحدگی اختیار کر سکتا ہے۔