غزہ – مغربی کنارے میں ایک رہائشی عمارت میں چھاپا مار کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے نئے ماہ کا آغاز فلسطینی نوجوان کو شہید کرکے کیا۔ 36 سالہ عبدالرحیم فائز کو نہایت قریب سے سر پر گولی ماری گئی جس سے ان کی موقع پر ہی شہادت ہوگئی۔
اسرائیلی فوج نے ظلم و بربریت کی یہ داستان مغربی کنارے کے علاقے عقبا میں ایک چھاپا مار کارروائی کے دوران رقم کی۔ اسرائیلی فوجی احمد ولید نامی نوجون کو گرفتار کرنے آئی تھی لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
فلسطینی نوجوان احمد ولید پر الزام تھا کہ اس نے گزشتہ ماہ اردن ویلی کے علاقے میں قائم اسرائیلی فوج کی چوک پوسٹ پر فائرنگ کی تھی۔ اسرائیلی فوج نے چھاپا مار کارروائی میں ایک عمارت پر اندھادھند گولیاں اور بم برسائے۔
جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی لیکن وہاں احمد ولید نہیں ملے جس پر اسرائیلی فوج نے ایک اور گھر سے تین مردوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
واضح رہے کہ رواں برس اسرائیلی فوج کی جارحیت میں اضافہ ہوا اور اب تک 250 سے زائد فلسطینی نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے جب کہ 28 اسرائیلی بھی مارے گئے۔