تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / چمن کراسنگ پر تعینات افغان سپاہیوں کی فائرنگ، 2 پاکستانی شہری شہید

چمن کراسنگ پر تعینات افغان سپاہیوں کی فائرنگ، 2 پاکستانی شہری شہید

چمن – انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں افغان سرحد کے قریب چمن کراسنگ پر تعینات افغان سپاہیوں کی فائرنگ سے بچے سمیت 2 پاکستانی شہری شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان سپاہیوں نے پاکستان سے افغانستان داخل ہونے والے پیدل افراد پر بلااشتعال اندھا دھند فائرنگ کی، زیرو لائن گیٹ پر فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 12 سال کا بچہ بھی شامل ہے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی صبر کا مظاہرہ کیا، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے معصوم افراد کی موجودگی میں جوابی فائرنگ نہیں کی، فائرنگ نہ کرنے کا مقصد بڑے جانی نقصان سے بچنا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز چمن منتقل کر دی گئیں، زخمی بچے کو فوری طور پر سکیورٹی فورسز نے منتقل کیا جس کا علاج جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان حکام کو سپاہیوں کی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا، افغان حکام سے کہا گیا ہے کہ ذمہ داروں کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے، اُمید ہے افغان حکومت اپنے فوجیوں کو کنٹرول میں رکھے گی ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان فوجیوں کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانے اور نظم و نسق برقرار رکھنے کا کہا جائے گا، اقدام کا مقصد مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان باہمی تعلقات کے فروغ سے امن، خوشحالی اور ترقی میں شراکت داری کے لیے پُرعزم ہے، اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کے تسلسل سے اس عزم کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے