اسلام آباد – صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مجھے فلسطین اور اسرائیل میں بڑھتے تشدد پر سخت تشویش ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مزید خونریزی اور انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے، صورتحال فوری جنگ بندی کا تقاضا کرتی ہے کیونکہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تشدد اور تصادم سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ فریقین کو لڑائی مزید بڑھانے سے روکنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کیلئے کام کرے۔