ممبئی – آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 20ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلش ٹیم کو 229 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کی تیسری کامیابی حاصل کر لی۔
بھارت کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔
جوابی اننگز میں انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، 400 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 22 اوورز میں 170 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کی اننگز:
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار رہی، اوپننگ بلے باز جوہنی بیرسٹو 10 اور ڈیوڈ میلان 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کے دیگر پلیئرز بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے، جو روٹ 2، بین سٹوکس 5 پر آؤٹ ہوگئے جبکہ ہیری بروک 17، بٹلر 15، ڈیوڈ ولے 12 اور عادل راشد 10 رنز بنا کر چلتے بنے۔
دیگر کھلاڑیوں میں سے گس اٹکنسن 35 رنز بنا کے آؤٹ ہوئے جبکہ مارک ووڈ 43 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔