لاہور – پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی طرف جا رہا تھا، اسے بربادیوں میں دھکیل دیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم 4 سالہ خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے پاکستان پہنچ گئے، جہاں وہ اسلام آباد سے لاہور پہنچنے کے بعد مینار پاکستان گراؤنڈ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کررہے ہیں۔
نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میری کئی برس بعد آپ سے ملاقات ہو رہی ہے کیونکہ آپ اور پاکستان سے میرا پیار کا رشتہ قائم و دائم ہے۔ آپ نے یا میں نے ایک دوسرے کو کبھی دھوکا نہیں دیا ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے دن رات کام کرکے خوب محنت کی اور ملک کو مسائل سے نکالا، لیکن ہمارے خلاف جعلی مقدمات بنائے گئے، ہماری پوری ٹیم کو جیلوں میں ڈالا گیا، شہباز شریف، مریم نواز اور دوسرے رہنماؤں کے خلاف کیسز قائم کیے گئے۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ ہم نے ختم کی تھی، شروع نہیں کی۔ ڈالر کو ہم نے روک کر رکھا ہوا تھا، آج آسمان سے باتیں کررہا ہے۔ روٹی ہمارے دور میں سستی تھی، آج بہت مہنگی ہے۔ پیٹرول ہمارے دور میں سستا اور آج بہت مہنگا ہے۔ لوگ سوچ رہے ہیں کہ جائیداد بیچ کر بلز ادا کریں۔
سابق وزیراعظم کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کچھ درد ایسے ہوتے ہیں جنہیں انسان کبھی فراموش نہیں کر سکتا، کچھ زخم کبھی بھرے نہیں جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ اور اہلیہ سیاست کی نذر ہو گئیں۔ مجھے قید کے دوران اطلاع دی گئی کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہے، اس کی محبت ہمارے دل میں ہے۔ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دیں گے۔ مجھے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے لیے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی تھی، پچھلی حکومت ایک ایک ارب ڈالر کے لیے بھیک مانگ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میری جگہ کوئی اور ہوتا تو کیا وہ دنیا کے طاقت ور صدر سے کہہ سکتا تھا کہ ہم بھارت کے جواب میں ایٹمی دھماکے ضرور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے دل میں بدلے اور انتقام کی کوئی تمنا نہیں ہے،میں قوم کی خدمت کرنا چاہتاہوں۔ میری خواہش ہے میری قوم خوشحال ہو۔ آج آپ کی محبت دیکھ کر سارے دکھ درد بھول گیا ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لینا نہیں چاہتا، وہ فرق برقرار رکھنا چاہتا ہوں جو میری تربیت ہے۔
قائد مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ نواز شریف کو امریکا کے سامنے ڈٹ جانے کی سزا دی گئی اور حکومت سے نکالا گیا کیونکہ نواز شریف وطن کی مٹی سے بنا سچا پاکستانی ہے جو اصولوں پر ڈٹ جاتا ہے۔
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد پاکستان آنے کے بعد لاہور میں مینار پاکستان پر جلسہ گاہ پہنچے، جہاں پارٹی کی جانب سے آج سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیراعظم اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے، جہاں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ اولڈ ٹرمینل سے انہیں خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ لایا گیا، جہاں سے وہ جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہو ئے۔
دوسری جانب ملک بھر سے لاہور میں آنے والے پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں کے قافلے مینار پاکستان جلسہ گاہ پر جمع ہیں، جہاں وہ اپنے قائد کے 4 برس بعد پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں اور استقبال کے لیے جمع ہیں۔
علاوہ ازیں نگراں صوبائی حکومت نے مینار پاکستان پر ن لیگ کے جلسے کے پیش نظر شرکا کی سہولت کے لیے کنٹینرز پر مشتمل فیلڈ اسپتال کا بندوبست کیا جہاں طبی عملہ اور ادویہ کی وافر مقدار رکھی گئی ہے۔ جلسے کے شرکا پر چھوٹے طیارے کے ذریعے گل پاشی کی جا رہی ہے جب کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اپنی خودساختہ 4 سالہ جلاوطنی ختم کرکے آج دبئی سے اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں ائرپورٹ کے اسٹیٹ لاونج میں انہوں نے قانونی ٹیم اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اور اپنے کیسز سے متعلق قانونی دستاویزات پر دستخط کیے۔
نواز شریف کی 194 افراد کی گنجائش کی حامل خصوصی پرواز کو امید پاکستان کا نام دیا گیا تھا۔