الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں شیڈول ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کی وجہ صوبے میں جاری شدید سیلابی صورتحال اور اس کے نتیجے میں درپیش انتظامی مشکلات کو قرار دیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں، ان میں قومی اسمبلی کی نشستیں:
* این اے 66 وزیرآباد
* این اے 96 فیصل آباد
* این اے 104 فیصل آباد
* این اے 129 لاہور
* این اے 143 ساہیوال
جبکہ پنجاب اسمبلی کی نشستیں:
* پی پی 73 سرگودھا
* پی پی 87 میانوالی
* پی پی 98 فیصل آباد
* پی پی 203 ساہیوال
شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب کے باعث پنجاب میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا ہے، جب کہ سرکاری و نجی انفراسٹرکچر کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ کئی علاقوں میں سرکاری اسکولوں کی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، جو عام طور پر پولنگ اسٹیشنز اور انتخابی ریکارڈ کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے اس وقت مکمل طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے انتخابی عملے کی دستیابی ممکن نہیں رہی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے اطلاع دی ہے کہ زیادہ تر پولنگ اسٹاف سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف ہے اور نئے افسران کی تقرری کی ضرورت پیش آ گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے بھی ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں متاثرہ حلقوں کے ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال نہیں کر سکتے، اور انفراسٹرکچر کی تباہی اور ووٹرز کی بے گھر ہونے کی صورتحال میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔
کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، انتخابی عمل کو دوبارہ شروع کر دیا جائے گا، اور نئی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔